31

کویت کا غیرملکیوں کیلئے قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ غیرملکی کمپنیوں کو مقامی ایجنٹ کے بغیر کام کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا

کویت ( ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک ۔ 18 جولائی 2023ء ) خلیجی ملک کویت نے غیرملکیوں کیلئے قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے غیرملکی کمپنیوں کو مقامی ایجنٹ کے بغیر کام کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق کویت کی قومی اسمبلی نے ایک قانون سازی میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے غیر ملکی کمپنیوں کو خلیجی ملک میں اپنی شاخیں کھولنے اور مقامی ایجنٹ کے بغیر اپنی سرگرمیاں براہ راست انجام دینے کی اجازت حاصل ہوگی، ان سرگرمیوں میں سرکاری ٹینڈرز کے مقابلے میں حصہ لینا بھی شامل ہوگا۔
اس حوالے سے قومی اسمبلی میں مالیاتی اور اقتصادی امور کی کمیٹی کے نمائندے عبدالوہاب العیسیٰ نے بتایا کہ کمیٹی نے ایک مسودہ قانون کی منظوری دی ہے جس کے ذریعے ملک میں کام کرنے کے لیے غیر ملکی کمپنیوں کے لیے مقامی ایجنٹ کی ضرورت کو ختم کردیا گیا ہے، قانون سازی میں ترمیم کا مقصد کمپنیوں کے درمیان مسابقت کا ماحول پیدا کرنا ہے، جس سے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوگی۔

معلوم ہوا ہے کہ موجودہ تجارتی قانون کے تحت کسی غیر ملکی کمپنی کو کویت میں برانچ قائم کرنے کی اجازت حاصل ہوگی، یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب حالیہ کچھ عرصے کے دوران مختلف طبقات کی جانب سے مقامی ایجنٹ کے قانون پر خاصی تنقید کی گئی، خاص طور پر حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ نے اس کی وجہ سے ناقص سروسز کی فراہمی اور بعض مقامی ایجنٹس کی جانب سے ناجائز منافع خوری کے پہلوؤں کی نشاندہی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں