45

متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا آسان ہوگیا رہائشیوں کی آسانی کیلئے شارجہ پولیس کا شاندار اقدام، ’ایک روزہ ڈرائیونگ ٹیسٹ‘ کی اجازت دے دی

شارجہ ( ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک ۔ 11 جولائی 2023ء ) متحدہ عرب امارات کے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے شارجہ پولیس نے ‘ایک روزہ ڈرائیونگ ٹیسٹ’ اقدام شروع کردیا۔ گلف نیوز کے مطابق شارجہ پولیس جنرل کمانڈ کے وہیکلز اینڈ ڈرائیورز لائسنسنگ ڈیپارٹمنٹ نے ایک فعال اقدام کا آغاز کیا ہے جس میں ایک روزہ ٹیسٹ کی اجازت دی گئی ہے، اس اقدام سے قومی خدمت میں بھرتی ہونے والوں اور ہائی اسکول سے فارغ التحصیل افراد کو فائدہ ہوگا، یہ اقدام ابتدائی اور شہر کے ڈرائیور کے لائسنس کے ٹیسٹ کو ایک دن میں اکٹھا کرتا ہے، بجائے اس کے کہ درخواست دہندگان کو کئی روز تک شرکت کی ضرورت ہو۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ اقدام جنرل کمانڈ کی کسٹمرز کے اطمینان اور خوشی کو بڑھانے کی کوششوں کے حصے کے طور پر شروع کیا گیا ہے، وہیکلز اینڈ ڈرائیورز لائسنسنگ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل خالد محمد الکی نے کہا کہ یہ اقدام شارجہ پولیس کے صارفین کے لیے اپنی خدمات کو ترقی دینے اور اسے برقرار رکھنے کی خواہش کا حصہ ہے، یہ فورس صارفین کی توقعات سے زیادہ خدمات فراہم کرکے اور انہیں آسانی کے ساتھ اپنے لین دین کو مکمل کرنے کے قابل بنا کر اسمارٹ ٹرانسفارمیشن کو فروغ دینے کی کوشش کرتی ہے جس سے صارفین کو اطمینان اور خوشی ہوتی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ نیا اقدام 11 جولائی 2023ء کو شروع اور فعال کر دیا گیا ہے، جو ستمبر کے آخر تک جاری رہے گا، اس طرح نیشنل سروس میں بھرتی ہونے والے اور ہائی اسکول سے فارغ التحصیل افراد سے نیا ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی سروس حاصل کرنے کے خواہشمند اپنے لین دین کو ریکارڈ وقت میں مکمل کرسکیں گے جو ایک دن کے کام سے زیادہ نہیں ہوگا۔
کرنل ال کی نے وضاحت کی کہ اس اقدام سے مستفید ہونے کے لیے پہلا مرحلہ ذاتی حاضری کے بغیر الیکٹرانک طریقے سے مکمل کیا جائے گا، یہ وزارت داخلہ (MOI) کی درخواست کے ذریعے کیا جائے گا، جس میں نیا ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے لیے فائل کھولنا اور نظریاتی کلاسوں میں شرکت شامل ہے، الیکٹرانک طور پر نظریاتی امتحان پاس کرنے کے بعد دوسرے مرحلے میں ذاتی حاضری میں عملی تربیتی سیشن شامل ہوں گے، عملی امتحان سے پہلے درخواست دہندگان کو ڈرائیونگ انسٹی ٹیوٹ کے لیے لازمی تقاضوں میں سے تربیتی شرائط سے گزرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں