31

دورہ سری لنکا کے دوران پریکٹس میچ میں شاہین آفریدی اور حسن علی کی عمدہ باؤلنگ

کولمبو(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)دورہ سری لنکا کے پریکٹس میچ میں شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے ہمبنٹوٹا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کے پہلے پریکٹس میچ میں عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے کامندو مینڈس کو وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ کروایا، کاوشکا انجولا کو بولڈ کیا جبکہ شاہین کی گیند پر وکرما سنگھے کا کیچ سلپ میں عبداللّٰہ شفیق نے کیا۔شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کےلیے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔

ہمبنٹوٹا میں 2روزہ پریکٹس میچ کے پہلے دن شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کی عمدہ باؤلنگ کے نتیجے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون 46 اعشاریہ 3 اوورز میں 196 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔میزبان ٹیم کی اننگز کی خاص بات اوشادا فرنینڈو کی سنچری تھی جنہوں نے 127 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 چوکوں کی مدد سے 113 رنز سکور کیے۔

واضح رہے کہ 31 سالہ فرنینڈو 21 ٹیسٹ میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔شاہین شاہ آفریدی نے 12 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔حسن علی نے 22 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آل راؤنڈر عامر جمال اور لیگ سپنر ابرار احمد نے بالترتیب 33 اور 52 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے۔ شان مسعود نے 66 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 83 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔امام الحق 36 اور عبداللّٰہ شفیق 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم 14 اور سعود شکیل صفر پر ناٹ آؤٹ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں