163

اہم ترین اسرائیلی شخصیت کی فلسطینی صدر سے کئی سالوں بعد ملاقات ، بڑی تبدیلی کا امکان

رام اللہ اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹز اور فلسطین کے صدر محمود عباس کے درمیان رام اللہ میں ملاقات ہوئی جو کہ حالیہ سالوں میں فریقین کے درمیان اعلیٰ سطح کی پہلی ملاقات ہے ۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق بینی گینٹز اور محمود عباس کے درمیان اتوار کو ہونے والی ملاقات سے سمت میں تبدیلی کا اشارہ ملتا ہے۔ اس سے پہلے حالیہ سالوں میں عباس اور اسرائیلی رہنماوں کے درمیان رابطوں کا سلسلہ تقریباً مکمل طور پر ختم ہو گیا تھا۔ اسرائیلی اور فلسطینی رہنماوں کے درمیان ملاقات اسرائیل کے نئے وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی وائٹ ہاوس میں امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ملاقات کے دو روز بعد ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم پر زور دیا تھا کہ فلسطینیوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔گینٹز کے دفتر کا کہنا ہے کہ انہوں نے محمود عباس کو بتایا ہے کہ اسرائیل فلسطینی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے نئے اقدامات کرے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں سلامتی کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور آپس میں رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔مانا جاتا ہے کہ 2014 کے بعد سے یہ فریقین کے درمیان اعلیٰ سطح پر پہلی سرکاری ملاقات تھی۔
ایک فلسطینی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ گینٹز اور عباس نے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات پر بھی غور کیا۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ان اقدامات میں مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ فلسطینی خاندانوں کو ان کے اسرائیل میں رہنے والے رشتہ داروں کے ساتھ اکٹھے ہونے اور مزید فلسطینی کارکنوں کو اسرائیل میں کام کی اجازت دینا شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں