75

امریکا نے بحیرہ احمر میں 2 جنگی جہازوں سمیت مزید 3 ہزار فوجی بھیج دیے

نیویارک (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں کو درپیش ممکنہ خطرات کے بعد امریکا نے بحیرہ احمر میں مزید 3 ہزار فوجی بھیج دیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی بحریہ نے 2 جنگی جہازوں پر مزید 3 ہزار فوجی بحیرہ احمر پہنچادیے ہیں۔امریکی بحریہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا کے اس اقدام سے خطے میں پہلے سے موجود تناؤ میں اضافہ ہوگا۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی فوج کا کہنا ہےکہ ایران نےگزشتہ 2 سالوں کے دوران خطے میں تقریباً 20 مال بردار یا تیل بردار بحری جہازوں کو یا تو قبضے میں لیا ہے یا ان کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔امریکا کے پانچویں بحری بیڑے کے ترجمان کے مطابق امریکی فوج کی نئی کمک کے ذریعے ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں کو ہراساں کرنے سمیت علاقائی کشیدگی بڑھانے والی سرگرمیوں کو روکا جائےگا۔

خیال رہےکہ گزشتہ ماہ 5 جولائی کو امریکی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے عمان کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں ایران کی جانب سے تیل بردار جہاز کو قبضے میں لینےکی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔امریکا نےگزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کو خلیج میں بحری جہازوں پر قبضے سے روکنےکے لیے جنگی بحری جہاز، ایف 35 اور ایف 16 لڑاکا طیارے بھیجےگا۔دوسری جانب ایران خطے میں امریکی عسکری سرگرمیوں کو مسترد کرتا آیا ہے اور اس کا موقف ہے کہ خطے میں امریکی فوج کی موجودگی امریکا کے اپنے مفادات کے لیے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں