410

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی بڑی وجہ ذخیرہ اندوزی ہے

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی بڑی وجہ ذخیرہ اندوزی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی کو قابو کرنے سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کے لیے ٹائیگر فورس کو پہلا ٹاسک مل گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اگر ہم نے ذخیرہ اندوزی پر قابو پالیا تو صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی اور انتظامیہ یقینی بنائے کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں پائلٹ پراجیکٹ اسلام آباد سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ابتدائی طور پر اسلام آباد کی 9 ہزار دکانوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ٹائیگر فورس کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر کے ساتھ مل کر نشاندہی کریں گے۔

اسلام آباد کی تمام دکانوں پر ریٹ لسٹ اور اوور چارجنگ کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور ٹائیگر فورس ضرورت سے زائد سٹاک یا ذخیرہ اندوزی کی فوری نشاندہی کرے گی۔ ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر ضلعی انتظامیہ فوری کارروائی کرے گی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ کارروائیوں کی رپورٹ براہ راست وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی جبکہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے یا اوور چارجنگ کی صورت میں دکانداروں کو بھاری جرمانے ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں