اسلام آبا(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
پی ڈی ایم صدر مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ہونیوالی ملاقات میں سینیٹرعبد الغفور حیدری اور ڈاکٹر عاصم حسین بھی موجود تھے۔آصف علی زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے ان کی خوش دامن کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی سے ملاقات میں قومی مفاہمت کے ایجنڈے پرکردار کا فیصلہ کیا تھا،ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں سیاسی جماعتوں میں رابطوں اور مفاہمتی ایجنڈے پر اتفاق رائے پر کام ہوگا، قومی مفاہمت کے ایجنڈے پر مشاورت کیلئے پی ٹی آئی سے بات چیت کا بھی امکان ہے اور پی ٹی آئی پہلے ہی قومی مفاہمت کے ایجنڈے پر اتفاق کر چکی ہےجبکہ نواز شریف بھی مینار پاکستان جلسے میں قومی مفاہمت کا اعلان کر چکے ہیں۔