64

ورلڈکپ: سری لنکا کا پاکستانی بولرز کیخلاف لاٹھی چارج، گرین شرٹس کو جیت کیلئے345 رنز کا ہدف


(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے آٹھویں میچ میں سری لنکن بیٹرز نے پاکستانی بولرز کے خلاف لاٹھی چارج کرتے ہوئے رنز کے انبار لگا دیے، گرین شرٹس کو جیت کیلئے 345 رنز کا ہدف دے دیا۔

سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، کوشال مینڈس 122 اور سمارا وکرما 108 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے خلاف یہ کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں سب سے بڑا اسکور 336 رنز تھا جو بھارت نے 2019 میں بنایا تھا۔

پاکستان کی جانب سے حسن نے علی 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ میچ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلا جارہا ہے جہاں لنکن کپتان داسن شناکا نے کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔

قومی ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی ہے، اوپنر فخر زمان کی جگہ ٹیم میں عبداللہ شفیق کو شامل کیا گیا ہے۔

سری لنکا کی اننگز

پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والے سری لنکا کی اننگز کا آغاز تو اچھا نہ تھا، صرف 5 کے مجموعی اسکور پر کوشال پریرا صفر پر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ پر پاتھم نسانکا اور کوشال مینڈس کے درمیان 102 رنز کی شراکت داری بنی تاہم پھر نسانکا 51 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

2 وکٹیں گرنے کے بعد کوشال مینڈس اور سمارا وکرما نے پاکستانی بولرز کے خلاف لاٹھی چارج کیا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس لگائے اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔

اس دوران مینڈس نے سری لنکا کی جانب سے ورلڈکپ کی سب سے تیز ترین سنچری بھی اسکور کی، انہوں نے 65 گیندوں پر 100 رنز پورے کیے۔

مینڈس اور سمارا وکرما کے درمیان 111 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور پھر مینڈس 77 گیندوں پر 122 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ پھر نئے آنے والے بیٹر چریتھ اسالنکا ایک رن پر پویلین لوٹے۔

اس کے علاوہ ڈی سلوا نے 25 رنز بنائے، جبکہ دوسری جانب سے سمارا وکرما نے بھی ون ڈے کیریئر کی اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔انہوں نے 89 گیندوں پر 108 رنز کی اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کا اس ایونٹ میں یہ اپنا دوسرا میچ ہے، اس میگا ایونٹ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دی تھی جب کہ سری لنکا کو جنوبی افریقا نے 102 رنز سے ہرایا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں