99

ورلڈکپ کیلئے پاکستان کا اسکواڈ کیا ہونا چاہیے؟ شاہد آفریدی نے اپنے نام منتخب کرلیے


(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اکتوبر اور نومبر کے دوران بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے لیے پاکستانی اسکواڈ سے متعلق تجویز دی ہے۔

مقامی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے چند ایسے کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا جو طویل عرصے سے پاکستانی اسکواڈ سے غیر حاضر ہیں جن میں خاص طور پر آل راؤنڈر عماد وسیم، فاسٹ بولر حسن علی اور ارشد اقبال شامل ہیں۔

انہوں نے عماد وسیم کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی تعریف کی اور زور دیا کہ جب تیز گیند بازوں کو چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے تو اس صورتحال میں عماد جیسے بولر کا ٹیم میں ہونا بہت ضروری ہے جو نئی گیند کے ساتھ مخالف ٹیم پر دباؤ ڈال سکے۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ میں نے ان کی بلے بازی دیکھی ہے اور مجھے ان کے بارے میں بہت اعتماد محسوس ہوا، انہوں نے کچھ شاندار اننگز کھیلی ہیں وہ ایک ایسا کھلاڑی ہے جو دباؤ کو ہینڈل کرنا جانتا ہے، ذہنی طور پر مضبوط، کافی سینئر اور اس نے کافی کرکٹ کھیلی ہے۔

دوسری جانب ارشد اقبال سے متعلق شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ارشد اقبال ایک مضبوط بولر کے طور پر بہت مضبوط خصوصیات کے مالک ہیں، وہ جارحیت کے ساتھ گیند بازی کرتا ہے اور ان پچوں پر آپ کو ایک ایسے بولر کی ضرورت ہے جو تیز رفتار سے گیند کرے۔

شاہد آفریدی کا ورلڈکپ اسکواڈ:

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، افتخار احمد، عماد وسیم، حارث رؤف، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، زمان خان، ارشد اقبال اور حسن علی (اگر فٹ ہوئے تو)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں