122

“بھارت کے خلاف میچ میں اس کھلاڑی کو ٹیم میں شامل نہ کرنا” رمیز راجہ نے بابراعظم کو مشورہ دیدیا


(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)
لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو بھارت کے خلاف میچ کیلئے ٹیم میں تبدیلی کا مشورہ دیدیا ہے۔

سابق کرکٹر رمیز راجا نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابراعظم سے درخواست کی کہ اوپنر فخر زمان مسلسل فلاپ ہورہے ہیں انہیں بھارت کیخلاف میچ میں پلئینگ الیون کے بجائے آرام کروایا جائے اور خود امام الحق کے ساتھ اوپننگ کرکے پاکستان کو مضبوط آغاز فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ فخر زمان ایک غیر روایتی بیٹر ہیں لیکن جب ایسا کھلاڑی آؤٹ آف فارم ہوتا ہے تو انہیں آرام کروایا جاتا ہے تاکہ وہ جلدی کم بیک کرسکے۔رمیز راجا نے کہا کہ فخر نے افغانستان کی نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف تین میچز کھیلے لیکن پرفارم نہیں کرسکے جبکہ انکی باڈی لینگویج بھی بلکل مختلف تھی، پاکستان ایشیاکپ میں بھارت کیخلاف میچ میں اِن فارم بیٹر کی ضرورت ہے اگر امام بھی جلد آؤٹ ہوتے ہیں تو اِن پر مزید دباؤ بڑھے گا۔

قبل ازیں ایشیاکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو 238 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تاہم اس میچ میں بھی اوپنر فخر زمان 20 گیندوں پر 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے جبکہ افغانستان کیخلاف تین میچوں کی سیریز میں وہ محض 59 رنز بناسکے تھے۔واضح رہے ایشیاکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کل (ہفتے) کے روز پالے کیلے میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں