94

سنی دیول نے 16 سال تک شاہ رخ سے بات نہ کرنے کے سوال پر کیا کہا؟


(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)
ان دنوں اپنی نئی فلم غدر 2 کی کامیابیوں کا جشن مناتے بالی وڈ اداکار سنی دیول نے کنگ خان سے 16 سال تک بات چیت نہ کرنے کے سوال پر لب کشائی کی۔

حالیہ انٹرویو میں سنی دیول نے یہ انکشاف کیا کہ اب ان کے اور شاہ رخ کے درمیان کسی قسم کا تنازع نہیں ہے اور دونوں کے تعلقات بالکل ٹھیک ہیں۔

سنی دیول نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ غدر 2 کی کامیابی پر شاہ رخ نے مجھے فون کرکے مبارکباد دی، فلم کی ریلیز سے قبل بھی شاہ رخ نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

اداکار نے کہا ‘فلم ہٹ ہوئی تو شاہ رخ نے فون کرکے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں، یہ فلم اتنی کامیابی کی حق دار ہے اور وہ اپنی فیملی کے ہمراہ فلم دیکھنے جائیں گے اور پھر انہوں نے دیکھی بھی، شاہ رخ کی اہلیہ گوری خان اور بیٹے آریان خان نے بھی مجھ سے بات کی’۔

انہوں نے کہا ‘یہ خوبصورت چیز تھی، اس سے قبل کئی مرتبہ میں نے بھی شاہ رخ کو فون کیا اور کچھ چیزوں پر ان کے خیالات جاننے کی کوشش کی، اس کے علاوہ ماضی میں جو ہوا یا جو مسائل تھے، میں کہوں گا کہ وقت سب کچھ ٹھیک کر دیتا ہے اور ہم آگے بڑھ جاتے ہیں، زندگی کو ایسا ہی ہونا چاہیے’۔

سنی دیول کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے میں نے خاص طور پر کسی رنجش کے سبب شاہ رخ سے بات نہیں کی لیکن میں نے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی اور میں ویسے بھی زیادہ سماجی رابطوں کا قائل نہیں، اسی لیے ہماری کبھی ملاقات ہوئی ہی نہیں تو بات کیسے ہوتی۔

سنی دیول اور شاہ رخ خان کا جھگڑا کیا تھا؟

شاہ رخ خان اور سنی دیول نے 1993 کی ہٹ فلم’ڈر‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا،سنی دیول نے اپنے ایک انٹرویو میں فلم’ڈر‘ کو زندگی کا سب سے بدترین تجربہ قرار دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اگر میں اپنا کیرئیر دوبارہ شروع کروں تو میں فلم ڈر جیسی غلطی نہیں کروں گا کیونکہ یہ فلم میری زندگی کا بدترین تجربہ تھا، اس دوران میرے ساتھ بہت ہیرا پھیری کی گئی اور جھوٹ بولا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں