75

گلوبل ٹی 20 میں محمد رضوان کی شاندار نصف سینچری نے ٹیم کو فتح دلادی


(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)
برامپٹن گلوبل ٹی 20 کینیڈا میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شانداربیٹنگ کا تسلسل جاری ہے اور وہ اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔ تازہ ترین کارنامہ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے انجام دیا جنہوں نے شاندار نصف سینچری اسکور کرتے اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔
مونٹریال ٹائیگرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے وینکوور نائٹس کے تباہ کن بولنگ اٹیک کا سامنا کیا پہلے اوور میں کرس لین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جس کے بعد دلپریت سنگھ ، شیرفین ردرفورڈ اور سریمانتھا وجے رتنے بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔ پاور پلے کے اختتام پر ٹائیگرز کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 29 رنز تھا۔ اس موقع پر اوپنر محمد وسیم اچھی اننگز کھیلتے ہوئے 4 چوکوں کی مدد سے 24 رنز اسکور کئے وہ 10 ویں اوور میں آؤٹ ہوگئے۔
روبن ٹرمپل مین اور جنید صدیقی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں اور ٹائیگرز کو 99 رنز پر ڈھیر کردیا۔
جواب میں وینکوور نائٹس کے فخر زمان صرف 4 رنز بناسکے تاہم ان کے بعد محمد رضوان نے بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 68 رنز بنائے اور ان کا ساتھ کوربن بوش نے 28 رنز بناکر دیا اور یوں وینکور نائٹس نے ایک وکٹوں کے نقصان پر اسکور 103 تک پہنچا کر میچ اپنے نام کرلیا۔
اس سے قبل سر ے جیگوار اور برامپٹن وولوز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں وولوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے جواب میں سرے جیگوار نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے پوائنٹس ٹیبل پر جگہ مستحکم کرلی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں