85

کراچی میں اہلخانہ کی موجودگی میں نامعلوم شخص گھر کے سربراہ کو قتل کرکے فرار

کراچی (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) کورنگی کے علاقے میں اہل خانہ کی موجودگی میں نامعلوم شخص گھر کے سربراہ کو چھری کے وار سے قتل کرکے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق بھٹائی آباد میں بیوی اور تین بچوں کی موجودگی میں گھر کے سربراہ کو گلے اور سینے پر چھری کے وار کرکے قتل کردینا ایک معمہ ہے، ملزم گھر کے اندر کیسے داخل ہوا؟ اور پھر باآسانی فرار بھی ہوگیا ۔اہلیہ نے ملزم کو فرار ہوتے ہوئے دیکھا تاہم چہرہ نہ دیکھ سکی، بہت جلد اس معمے کو انویسٹی گیشن پولیس حل کر لے گی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی بھٹائی کالونی شمیم مسجد کے قریب مکان نمبر F/92 میں تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیے گئے شخص کی لاش پک اپ میں ڈال کر کورنگی میں واقع انڈس ہسپتال لے جائی گئی، جہاں سے موت کی تصدیق کے بعد پولیس کارروائی کے لیے ایمبولینس کے ذریعے لاش کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 41 سالہ مبشر اقبال ولد محمد اکبر کے نام سے کی گئی ، جس کے چھوٹے بھائی مظفر اقبال نے بتایا کہ مبشر اقبال کے 3 بیٹے ہیں اور بڑے بیٹے کی عمر 13 سال ہے۔ مبشر گھروں میں رنگ و روغن اور فرنیچر پر پالش کا کام کرتا تھا جب کہ آبائی تعلق پنجاب کے علاقے ساہیوال سے تھا، گزشتہ 30 سال سے زائد عرصہ سے کراچی میں رہائش پذیر ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں