41

گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا ، پی ٹی آئی ہم خیال گروپ کا بائیکاٹ

گلگت بلتستان(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) گلگت بلتستان (جی بی)اسمبلی کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہو گا۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق گلگت بلتستان (جی بی) کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہو گا، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے عہدے کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فارورڈ بلاک کے حاجی گلبر خان کی حمایت کا اعلان کر دیا جبکہ وزارت اعلیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے پی ٹی آئی ہم خیال گروپ کے 3 ارکان نے رات گئے انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا۔

وزیراعلیٰ کا انتخاب دن 12 بجے ہو گا، امیدوار آج صبح 10 بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں، جی بی اسمبلی میں پی ٹی آئی ہم خیال گروپ نے کہا کہ اسمبلی میں اکثریت کو زبردستی اقلیت میں تبدیل کردیا گیا۔
ہم خیال گروپ اراکین نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھی ارکان اسمبلی کو کروڑوں روپے کی سکیموں کی لالچ دی گئی، ساتھ نہ دینے پر ساتھی ارکان کو گرفتاریوں اور مقدمات کی دھمکیاں بھی دی گئیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں مؤثر اور بھرپور طریقے سے اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

پی ٹی آئی ہم خیال گروپ میں راجہ اعظم خان، جاوید منوا اورراجہ زکریا مقتون وزیراعلیٰ کی دوڑ میِں شامل تھے۔

دوسری جانب سپیکر جی بی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر امجد حسین ایڈووکیٹ کا استعفیٰ مسترد کردیا، ان کا کہنا تھا کہ امجد حسین ایڈووکیٹ نے موجودہ سیاسی کشمکش کے دوران جلد بازی میں استعفیٰ دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں