169

آزاد کشمیر کے نئے منتخب ہونے والے وزیراعظم عبدالقیوم خان نیازی کون ہیں ؟ وہ معلومات جو آپ جاننا چاہتے ہیں

مظفر آباد تحریک انصاف کے رہنما سردار عبدالقیوم خان نیازی آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں ، انہوں نے سب سے زیادہ 33 ووٹ حاصل کیئے جبکہ ن لیگ اور پی پی پی کے متفقہ امیدوار لطیف اکبر نے 15 ووٹ حاصل کیئے ۔” اردو نیوز“ کی رپورٹ کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی آزادکشمیر کے پونچھ ڈویژن میں واقع علاقے عباس پور کے ایک سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ درہ شیر خان نامی گاوں میں 1969 میں پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان 1947 میں مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کر کے لائن آف کنٹرول کے اس جانب آیا تھا۔ ان کا گاوں درہ شیر خان آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان واقع لائن آف کنٹرول کے ساتھ متصل ہے اور اکثر کراس بارڈر فائرنگ کی زد میں رہتا ہے۔عبدالقیوم نیازی نے الیکشن2021 میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حلقہ ایل اے 18 عباس پور سے 24 ہزار841 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے۔عبدالقیوم خان نیازی اس سے قبل ریاستی جماعت آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کا حصہ تھے۔ وہ 2016 کے الیکشن کے بعد تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے 2006 کے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی اور ان کے پاس2011 تک کابینہ میں مختلف وزارتوں کے قلمدان رہے۔اس سے قبل ان کے بڑے بھائی سردار مصطفیٰ خان بھی 1987 اور 1991 میں رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ عبدالقیوم نیازی طویل عرصے سے سیاسی میدان میں موجود ہیں۔ 80 کی دہائی کے اوائل میں آزاد کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں انہیں سب سے کم عمر ڈسٹرکٹ کونسلر بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔آزاد کشمیر کے حالیہ الیکشن کی مہم کے دوران باغ میں تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے عبدالقیوم نیازی کے متعلق حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیازی یہاں کیسے آ گیا ہے، میں بڑا حیران ہوا ہوں۔ پھر مسکراتے ہوئے کہا ویسے ہم نیازی ساری جگہ پھیل گئے ہیں۔وزیراعظم پاکستان کے اس بیان کے بعد یہ تاثر ملا تھا کہ عبدالقیوم کا تعلق عمران خان کے قبیلے سے ہے۔عبدالقیوم خان نیازی کا تعلق مغل قبیلے کی دُلی شاخ سے ہے۔ انہوں نے اپنے نام کے ساتھ نیازی کا لاحقہ ایسے ہی لگا رکھا ہے جبکہ ان کی قبیلے کے کسی اور فرد نے اپنے نام کے ساتھ نیازی کا لاحقہ نہیں لگایا، ہاں کچھ دیگر قبائل کے چند لوگوں نے اپنے نام کے ساتھ نیازی کا لاحقہ لگا رکھا ہے۔یہ بھی کہا جاتا ہے کہ سردارعبدالقیوم خان نیازی کا خاندان روایتی طور پر مسلم کانفرنس کے ساتھ وابستہ رہا ہے۔ مسلم کانفرنس میں دھیرکوٹ سے تعلق رکھنے والے سردارعبدالقیوم خان ایک نمایاں رہنما تھے۔ چنانچہ ایک ہی پارٹی میں دو ایک جیسے ناموں میں فرق کرنے کے لیے پونچھ والے عبدالقیوم خان نے اپنے نام کے ساتھ ’نیازی‘ کا اضافہ کیا تھا۔ آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم اور وہاں تحریک انصاف کی شاخ کے سربراہ بیرسٹر سلطان محمود اور سیاست میں نووارد بزنس مین سردار تنویر الیاس خان کے درمیان اس عہدے کے لیے مقابلہ دیکھ کر یہ کہنا مشکل تھا کہ ان کے علاوہ کسی اور شخص کو بھی وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں