68

2 ارب 10 کروڑ ڈالر قرض موخر ہو گا یا نہیں ؟ چین نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک ) چین نے پاکستان کا 2 ارب 10 کروڑ ڈالر قرض موآخر کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے وزارت خزانہ کے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ چین نے پاکستان کے لیے قرضہ 2 سال کے لیے موۤخر کیا ہے، اس سلسلے میں چین کے ایگزم بینک نے باضابطہ طورپر پاکستان کو خط لکھ کر آگاہ کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس قرضے پر پاکستان کو اضافی سود ادا نہیں کرنا پڑے گا، تمام قرض معاہدوں کی مدت میں21 جولائی2023 سے 30 جون 2025 تک توسیع کی گئی ہے۔
اس سے قبل چین نے 18 جولائی کو پاکستان کے 60 کروڑ ڈالر رول اوور کیے جس کی تصدیق وزیراعظم شہباز شریف نے کی تھی۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں،چین نے پاکستان کو 600 ملین ڈالر رول اوور کیے ہیں جس سے پاکستان کے ذخائر میں 600 ملین ڈالرکا اضافہ ہوا۔
31 مارچ کو سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ پاکستان کا چین کے ساتھ سیف ڈپازٹ اور کمرشل بینکس سے بزنس ہے، دو ارب ڈالرز 23 مارچ کو رول اوور ہونے تھے، اس بات کی تصدیق کرنے میں خوشی ہے یہ رقم رول اوور ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں