اسلام آباد ( ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) اسلام آباد میں بلاول بھٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوکرینی وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا کا کہنا تھا کہ یہاں آنے کی وجوہات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ یہاں پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں، مجھے خاص طور پر یہاں کا میٹھا بہت پسند ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران یوکرینی وزیر خارجہ کو ایک مکھی بہت تنگ کرتی رہی، جس پر مذاق کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے یہ مکھی روسی نہیں ہے۔یوکرینی وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس میں موجود ایک روسی صحافی کو دفتر خارجہ سے نکال دیا گیا، روسی صحافی نے بتایا کہ انہیں یوکرینی سفارتی حکام کی جانب سے پریس کانفرنس میں شرکت سے روکا گیا ہے۔یاد رہے کہ یوکرینی وزیر خارجہ پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچے ہوئے ہیں جہاں انہوں نے وزیر خارجہ کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی ہے۔