28

گال ٹیسٹ، پاکستان نے کھانے کے وقفے پر 6 وکٹوں پر 313 رنز بنالیے


گال (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک ۔ 18 جولائی 2023ء ) گال ٹیسٹ کے تیسرے روز پہلے سیشن کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنالیے اور اسے ایک رن کی برتری حاصل ہے۔ کھیل کے تیسرے روز سلمان علی آغا اور سعود شکیل نے ٹیسٹ میں چھٹی وکٹ پر 177 رنز کی سب سے طویل شراکت داری کی۔ سعود شکیل نے 129 گیندوں پر سنچری اسکور کی جب کہ سلمان علی آغا 83 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
سعود 164 گیندوں پر 119 رنز کے ساتھ موجود ہیں جب کہ نعمان علی نے 49 گیندوں پر 13 رنز بنائے ہیں۔ گال میں تیسرے روز کا کھیل بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔ اس سے قبل گزشتہ روز دوسرے دن سری لنکا سکور میں 70 رنز کا اضافہ کرکے پہلی اننگز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ دھننجایا ڈی سلوا نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین جب کہ آغا سلمان نے ایک وکٹ لی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا، عبداللہ شفیق 19 ، امام الحق 1، کپتان بابر اعظم 13 اور سرفراز احمد صرف 17 رنز ہی بنا پائے اور شان مسعود نے 39 رنز سکور کیے۔ بعد ازاں سعود شکیل اور آغا سلمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں