ہزارہ اور باچا خان یونیورسٹی کے بعد پشاور یونیورسٹی نے بھی طالبات کے لیے ڈریس کوڈ متعارف کرا دیا ہے۔ طالبات کو سفید دوپٹے کے ساتھ شلوار قمیض پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پشاور یونیوسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق طالبات کے لیے سفید رنگ کا سکارف یا دوپٹہ اور اوورآل پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
جبکہ طلبا کو ہدایت کی گئی ہے کہ سادہ اور مہذب لباس کے ساتھ چیسٹ کارڈ پہنیں گے۔
خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان کے احکامات کی روشنی میں خیبرپختونخوا کی تمام یونیوسٹیوں میں ڈریس کوڈ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طالبات اپنی پسند کے رنگ کی قمیض کے ساتھ سفید شلوار اور سفید اوورآل پہنیں گی۔
یونیورسٹی حکام کے مطابق 2012 اور 2013 میں بھی یونیورسٹی کے طلبہ کو ہدایت کی گئی تھی تاہم اس دفعہ گورنر کی جانب سے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
یونیورسٹی کے ترجمان محمد نعمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ پہلے ڈریس کوڈ صحیح طریقے سے نافذ نہیں گیا تھا تاہم اب گورنر نے اس کو خود نافذ کیا ہے۔
انہوں نے کہا یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ نہ صرف طلبا اور طالبات کی توجہ مطالعے پر ہو بلکہ یہ بھی معلوم ہو سکے کہ یہ طالب علم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے والدین پر مالی بوجھ کم ہوگا اور طالبات کے اخراجات میں بھی کمی آئے جبکہ طلبا و طالبات میں احساس کمتری کا خاتمہ ہو گا۔
107