98

پاک افغان فورسز کے درمیان جھڑپ کے بعد بارڈر پانچویں روز بھی بند ،طور خم بارڈر کھولنے کیلئے مذاکرات کا کیا نتیجہ نکلا ؟ جانئے

اسلام آباد(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک ) پاکستان اور افغان حکام کے درمیان طورخم بارڈرکھولنے کیلئے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے جبکہ بارڈر پانچویں روز بھی بند رہا ۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق طورخم سرحدی گزرگاہ 6 ستمبرکو پاکستانی اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپ کے بعد بند کردی گئی تھی۔جھڑپ اس وقت شروع ہوئی تھی جب افغان فورسز نے پاکستان حدود میں ایک چوکی تعمیر کرنے کی کوشش کی جسے پاکستانی فوج نے دونوں ملکوں کے مابین معاہدے کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے روک دیا تھا۔
افغانستان کی طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں اس کے 2سرحدی محافظ ہلا ک ہوگئے ہیں۔اس واقعے کے بعد سرحد بدستور بند ہے۔ اتوارکو دونوں ملکوں کے حکام کے مابین سرحد کھولنے کے معاملے پر مذاکرات ہوئے لیکن ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام نے افغان عہدیداروں کو بتایا ہے کہ سرحد کھولنے کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کرنا ہے ،پاکستانی حکومت کی طر ف سے اس معاملے پر ابھی تک کوئی بات سامنے نہیں آئی۔
تاہم بعض پاکستانی عہدیداروں نے اپنے طور پر بتایا ہے کہ پاکستان اپنے علاقے میں کسی قسم کے تعمیراتی کام کی اجازت نہیں دے گا کیونکہ یہ پاکستان کی خود مختاری کے خلاف ہے۔
افغان حکومت نے ہفتہ کے روز پر ایک بیان جاری کیا تھا جس میں سرحد کی بندش پر تشویش کا اظہارکیا تھا،افغان حکومت کا کہنا تھا کہ اس سے تاجربرادری کو بھاری نقصان ہورہا ہے،افغان حکومت نے پاکستان کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کی بھی درخواست کی تھی۔سرحد بند ہونے سے سینکڑوں ٹرک دونوں اطراف پھنسے ہوئے ہیں،عام لوگ بھی جو عمومی طور پر سرحد کے آرپارآتے جاتے ہیں انہیں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں