اسلام آباد (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ انتخابات ایک سے 2 ماہ میں ہو جانے چاہئیں کیونکہ کوئی نئی حلقہ بندیاں نہیں ہو رہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ماضی میں 58 ٹو بی لگا کر اسمبلی 2 یا 3 سال میں فارغ کر دی جاتی تھی، اس بات کا اطمینان ہے کہ 4 اسمبلیاں اپنی مدت پوری کر چکی ہیں، نواز شریف انتخابات سے قبل ضرور پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیں 20 سال پہلے والے سیاسی اور معاشی بحران کی طرف لے گئی ہے، جمہوریت میں وزیر اعظم کا آنا جانا لگا رہتا ہے، برطانیہ بھی اس کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ اسمبلی عوام کی خواہشات کے مطابق بنے جو ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام لے کر آئے، ملک کی معیشت جب تک درست سمت میں نہیں جائے گی سیاست کبھی مستحکم نہیں ہو گی، نگران وزیر اعظم کے نام میں کوئی دلچسپی نہیں، نگران نگران ہی ہوتا ہے۔