راولپنڈی (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک سول نافرمانی کی تحریک کی جانب بڑھ رہا ہے، الیکشن کب ہوں گے، کوئی نہیں جانتا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا ہے کہ2023 آئین اور عدلیہ پر عملدرآمد کے لحاظ سے تاریک ترین سال ہے یہ کہہ کر انہوں نے سمندر کو کوزے میں بند کر دیا ہے نگران وزیر خزانہ بھی بول پڑی ہیں کہ معاشی اور اقتصادی مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے اور 24 کروڑ لوگ آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ13جماعتیں جو ملک کو معاشی مسائل کے سمندر میں ڈبو کر گئی ہیں وہ بھی اب مگرمچھ کے آنسو رو کر احتجاج کا حصہ بننے کی کوشش کر رہی ہیں۔ جب تک سیاسی استحکام نہیں ہوگا اس وقت تک معاشی اور اقتصادی استحکام نہیں آ سکتا ۔
شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ 85روپے پر چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی اور 220روپے پر چینی امپورٹ کرنے جا رہے ہیں۔ 75سال سےچینی مافیا اور آٹا مافیا نے ہمیشہ غریب کو لوٹا، غریب کا خون چوس کر اپنے مفادات حاصل کیے۔ ملک سول نافرمانی کی طرف بڑھ رہا ہےالیکشن کب ہونگے ابھی تک کوئی نہیں جانتا۔