33

محرم الحرام کے چاند کی پیدائش ہو گئی ماہرین فلکیات کے مطابق نئے ہجری سال کے چاند کی پیدائش 17 جولائی رات 11 بج کر 32 منٹ پر ہونا تھی

لاہور (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک۔ 18 جولائی2023ء) محرم الحرام کے چاند کی پیدائش ہو گئی، ماہرین فلکیات کے مطابق نئے ہجری سال کے چاند کی پیدائش پیر کی رات کو ہونا تھی۔ تفصیلات کے مطابق 1444 ہجری اپنے اختتامی لمحات میں داخل ہو گیا ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق ہجری 1445 کے چاند کی پیدائش ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام 1445 ہجری کے چاند کی پیدائش 17 جولائی کی رات 11 بج کر 32 منٹ پر ہوگی، جبکہ محرم کا چاند 18 جولائی 29 ذی الحج بروز منگل کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
18 جولائی کو چاند نظر آنے کی صورت میں یومِ عاشورہ 28 جولائی بروز جمعہ کو متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 18 جولائی کو غروب آفتاب شام 7 بج کر24 منٹ پر ہونے کا امکان ہے جب کہ چاند رات 8 بجے طلوع ہو سکتا ہے۔

غروب آفتاب کے وقت کراچی میں چاند کی عمر 20 گھنٹے 17 منٹ ہوگی، محرم الحرام کا چاند دیکھنے کی مدت غروب آفتاب کے بعد 46 منٹ تک ہے جب کہ چاند نظر آنے کے لیے 19 گھنٹے کی عمر ضروری ہے۔

دوسری جانب محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں طلب کر لیا گیا ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس چیئرمین مولانا سیدمحمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت منگل 18 جولائی کو کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کے ممبران،وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو،محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔ پورے ملک میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز اسلام آباد،لاہور،کراچی اورپشاورمیں منعقد کیے جائیں گے جس میں ماہ محرم الحرام 1445 ہجری کے چاند کی رویت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں