تل ابیب ( ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) اسرائیل نے غزہ پر نئے طریقوں سے حملوں کی دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ سب بری فوج کی غزہ پر ممکنہ کارروائی کو جنگ کا اگلا مرحلہ سمجھ رہے ہیں جب کہ اس بار کچھ نیا بھی ہوسکتا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے غزہ سے شہریوں کو انخلا کا الٹی میٹم دے رکھا ہے جس کے بعد اس کی بری فوج ایک بڑا حملہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے جب کہ اسرائیلی فضائیہ کی بمباری پہلے ہی جاری ہے۔
دوسری جانب غزہ کی ناکہ بندی کرکے اسرائیل نے بجلی کی ترسیل اور خوراک کی فراہمی بند کر رکھی ہے جس پر کئی ممالک نے اسرائیل سے ناکہ بندی ختم کرنے اور زمینی حملے سے باز رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ خبر پڑھیں : غزہ پٹی؛ اسرائیلی فضائی حملوں میں 11 صحافی ہلاک، 20 زخمی
اس حوالے سے اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ سب یہ سمجھ رہے ہیں کہ غزہ میں فوجی کارروائی اب زمینی آپریشن ہوگا لیکن ہم جنگ کے جس اگلے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں وہ کچھ نیا بھی ہوسکتا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ پر بین الاقوامی قوانین کے تحت ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں کیوں کہ تاحال انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر جنگ بندی نہیں ہوئی۔
یہ خبر بھی پڑھیں : غزہ پر حملہ اور ناکہ بندی؛ کولمبیا نے اسرائیلی سفیر کو ملک بدر کردیا
غزہ کی ناکہ بندی کے بعد مصر نے بھی رفاہ کراسنگ بارڈر بند کر رکھا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں فلسطینی محصور ہوگئے ہیں اور ان تک انسانی ہمدردی کے تحت بھیجے جانا والا امدادی سامان بھی نہیں پہنچ پا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے غزہ پر حملے میں اب تک 3 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں ہزار سے زائد خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔