80

سعودی عرب میں یوم استحصال کشمیر کی تقریب ، کشمیر پاکستان کی ریڈ لائن ہے: احمد فاروق

ریاض (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) سعودی عرب میں یوم استحصال کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک سیاسی اور سفارتی جدوجہد جاری رکھے گا.

سعودی دارالحکومت ریاض کے سفارت خانہ پاکستان میں یوم استحصال کشمیر کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی جنھوں نے چار سال قبل بھارت کی جانب سے کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کی مذمت کی.
اس موقع پر سفیر پاکستان احمد فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے اور بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کی آزادی اور بنیادی حقوق کو سلب کیے ہوئے ہے بھارت مسئلہ کشمیر کو اپنا اندرونی معاملہ قرار دے کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے. کشمیر پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور پاکستان مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ سیاسی اور سفارتی بنیادوں پر لڑتا رہے گا اور ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے بلند حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنھوں نے تحریک آزادی کشمیر کے ذریعے بھارت کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا استصواب رائے کا حق دلائے اور بھارت یسین ملک سمیت دیگر تمام حریت رہنماؤں کو رہا کرے.
تقریب میں سفارتی افسران نے صدر پاکستان عارف علوی، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے جبکہ نظامت کے فرائض کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نجم الزمان ثاقب نے بخوبی سرانجام دئیے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں