163

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنا اضافہ کردیا کہ پاکستانیوں کی چیخیں نکل جائیں

اسلام آباد وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ روپے سے زائد کا اضافہ کردیا۔وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرول پانچ روپے جب کہ ڈیزل پانچ روپے ایک پیسہ فی لٹر مہنگا کرنے کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں پانچ روپے 42 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے 92 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق حالیہ اضافے کے بعد پٹرول 123 روپے 30 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل 120 روپے چار پیسے فی لٹر ہوگیا ہے۔ مٹی کا تیل 92 روپے 26 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 90 روپے 69 پیسے ہوگئی ہے۔یہاں یہ بھی واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گزشتہ روز پٹرول ایک روپیہ اور ڈیزل ساڑھے 10 روپے مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی تاہم حکومت نے دونوں کو ملا کر 10 روپے مہنگا (پٹرول 5، ڈیزل 5.01 روپے) کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کا تیل تجویز سے آٹھ پیسے کم اور لائٹ ڈیزل اوگرا کی تجویز سے 42 پیسے زیادہ مہنگا کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں