60

بھارتی کھانے اتنے لذیذ ہیں کہ لگتا ہے ہمارا وزن بڑھ جائے گا، شاداب خان


(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کو بھارتی کھانے بھا گئے۔

قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں آئی سی سی ورلڈکپ کھیلنے بھارت میں موجود ہے، گزشتہ رات پاکستان ٹیم کے آرام کے دن پر ٹیم مینجمنٹ نے حیدرآباد دکن کے جیول آف نظام ریسٹورنٹ میں رات کا کھانا کھانے کا فیصلہ کیا۔

جہاں قومی کرکٹرز مقامی روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے، ڈنر کے ساتھ قومی اسکواڈ کے اراکین نے روایتی پان بھی کھائے۔

تاہم اتوار کو حیدرآباد دکن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا کہ بھارت میں ائیرپورٹ پر شاندار ویلکم کیا گیا، اس طرح کے استقبال پر بہت زیادہ خوشی ہو رہی ہے۔

شاداب خان نے کہا کہ بھارت میں جس طرح کی مہمان نوازی کی گئی، مزہ آیا، کھانے بڑے اچھے ہیں، ہمارا گورا اسٹاف بھی ان کھانوں پر لگ گیا ہے۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان نے کہا کہ بھارتی کھانے اتنے لذیذ ہیں کہ لگتا ہے کہ ہمارا فیٹ لیول اور وزن بڑھ جائے گا، امید ہے کہ احمد آباد میں جب بھارت کے خلاف کھیل رہے ہوں گے تو ایسی ہی مہمان نوازی ملے گی۔

شاداب خان نے مزید کہا کہ بحیثیت ٹیم ہمارا ایشیا کپ اچھا نہیں رہا، یہی کرکٹ کی خوبصورتی ہے کہ آپ غلطیوں سے سیکھتے ہیں، آپ کے پاس موقع ہوتا ہے کہ غلطیوں سے سیکھ کر انہیں بہتر کرنے کی کوشش کریں، ایشیا کپ میں ہارنے کے بعد ہمیں آرام ملا ہے۔

اپنی فارم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ میری حالیہ فام بلکل اچھی نہیں رہی، ریسٹ ملنے سے میں ذہنی طور پر تازہ دم ہوا ہوں، آرام ملنے سے کافی چیزیں تبدیل ہوئیں، امید ہے آگے اچھی پرفارمنس دوں گا اور نئے مائنڈ سیٹ کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کروں گا جس سے ٹیم کو فائدہ ہو۔

شاداب نے کہا کہ جب آپ اسٹار ہوتے ہیں تو آپ سے پورے ملک کو توقعات بھی زیادہ ہوتی ہیں،چاہے آپ بھارت میں یا کہیں اور کھیل رہے ہوں، ہم نے پوری دنیا میں کرکٹ کھیلی، بھارت میں ابھی تک نہیں کھیلے، ورلڈکپ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے کہ اگر آپ پرفارم کرتے ہیں تو سپر اسٹار بن جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی کھلاڑی یہاں آئے ہیں ان کی کوشش ہے کہ وہ پرفارمنس دے کر سپر اسٹار بنیں، فخر زمان ایک بڑا کھلاڑی ہے، وہ ایک امپیکٹ فل پلیئر ہے،ایسے کھلاڑیوں میں اگر تسلسل نہیں ہوتا مگر وہ جب پرفارم کرتے ہیں تو ٹیم جیتتی ہے، اس سال بھی فخر کی تین سنچریاں ہیں جس کی بدولت پاکستان نے کامیابی حاصل کی، ہر ٹیم چاہتی ہے کہ ان جیسے کھلاڑی ان کی ٹیم میں ہوں۔

ٹیم کے کھلاڑیوں کی انجریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ہم پہلے ہی ایک بڑے کھلاڑی کو کھو چکے ہیں اور مزید کھلاڑیوں کی انجریز برداشت نہیں کر سکتے، ہمارے پاس ورلڈکلاس بو لرز ہیں ، اگر ہم بولنگ اچھی کریں گے تو چیمپئن بنیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کیلئے بدھ کو دبئی کے راستے حیدرآباد دکن پہنچی تھی جہاں اس کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔

جمعہ کو پاکستان نے حیدرآباد میں ہی نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈکپ کا وارم اپ میچ کھیلا جس میں اسے بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔

ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا، پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں