78

ایشین گیمز ہاکی: پاکستان نے ازبکستان کو 18 گول سے شکست دیدی


(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)
چین کے شہر ہانگ زو میں جاری 19 ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان ٹیم نے اپنے پول کے تیسرے میچ میں ازبکستان کو 2 کے مقابلے میں 18 گول سے شکست دے دی، پاکستان ہاکی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی اپنی گرفت بنالی تھی اور پے در پے گول اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے ازبکستان کے خلاف میچ میں ارباز احمد نے 5، رانا وحید اور افراز نے 3، 3، عمر بھٹہ اور عبدالرحمٰن نے 2، 2 جبکہ ارشد لیاقت، رومان خان اور سفیان خان نے 1، 1 گول اسکور کیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم اپنے 3 پول میچز میں اب تک 34 گول اسکور کر چکی ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم 3 میچز جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر تاحال پہلی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے جبکہ بھارت 2 میچز کے بعد دوسرے اور جاپان تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم 30 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف اپنا چوتھا پول میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 3 بج کر 45 منٹ پر کھیلے گی۔

ایشین گیمز کے ہاکی کے مقابلوں میں 12 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن کو 2 پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستان سمیت انڈیا، جاپان، بنگلا دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا ، ملائشیا، چین، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں