125

ایشین گیمز کرکٹ : پاکستان نے ہانگ کانگ کو 68 رنز سے ہرادیا


(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)
پاکستان نے ہانگ کانگ کو 68 رنز سے ہراکر ایشین گیمز کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

اس میچ کی نمایاں بات عامر جمال کی جارحانہ بیٹنگ اور اسپنرز کی عمدہ کارکردگی تھی۔

سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اور افغانستان کے میچ کی فاتح ٹیم سے6 اکتوبر کو ہوگا، چین کے شہر ہانگزو کی زی جیانگ یونیورسٹی کرکٹ فیلڈ میں جاری 19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ کے کوارٹرفائنل میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی جو مقررہ 20 اوورز میں 160 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 18.5 اوورز میں 92 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کے کپتان قاسم اکرم سمیت چھ کرکٹرز نے آج اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا۔

وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے نتیجے میں پاکستان کو ایک موقع پر خاصی مشکل کا سامنا تھا، اننگز کے پہلے ہی اوور میں مرزا بیگ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ روحیل نذیر 13، حیدرعلی 4 اور کپتان قاسم اکرم 12 رنز بناپائے۔

جب عمیر یوسف21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو مجموعی اسکور صرف 54 رنز تھا اور پانچ وکٹیں گرچکی تھیں۔ خوشدل شاہ ایک چھکے کی مدد سے 13رنز بناسکے۔

اس موقع پر آصف علی، عرفات منہاس اور عامر جمال کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستان شاہیز 160 کے اسکور تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی، آصف علی نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے25 رنز بنائے۔عرفات منہاس نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 25رنز اسکور کیے۔

عامرجمال نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 41 رنز بنائے ان کی اننگز میں2 چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں