لاہور (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک )امریکہ کی لاہور میں نئی قونصل جنرل ’ کرسٹین کے ہاکنز‘ نے’ ولیم کے‘ کی جگہ عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مس ہاکنز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کیلئے صوبہ پنجاب کے لوگوں کے ساتھ ملنے اور کام کرنے کی منتظر ہوں ۔ہمارے لیے دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کو مشترکہ طور پر آگے بڑھانے کے بہت سے مواقع ہیں، جن میں اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا، امریکہ-پاکستان ‘گرین الائنس’ کے فریم ورک کے ذریعے آب و ہوا اور ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنا شامل ہے۔
مس ہاکنز لاہور میں امریکہ کی 34 ویں قونصل جنرل ہیں، وہ امریکی فارن سروس کی ممبر بھی ہیں، حال ہی میں انہوں نے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں اقتصادی اور ترقیاتی امداد کے کوارڈی نیٹر کے طور پر خدمات انجام دیں ۔اس عہدے پر انہوں نے پاکستان میں امریکی شہری امدادی پروگراموں کی منصوبہ بندی اور نفاذ سے متعلق کوششوں کی نگرانی کی۔
اس سے قبل مس ہاکنز 2015 سے 2017 تک امریکی سفارتخانے کے پبلک ڈپلومیسی سیکشن میں کام کرتی رہیں ، وہ امریکی ریاست ورجینیا کی رہائشی ہیں اور یونیورسٹی آف ورجینیا سے بین الاقوامی تعلقات کے شعبے میں بیچولرز کی ڈگری حاصل کی ، انگریزی کے علاوہ وہ روسی ، یوکرینی اور فرانسیسی زبان پر بھی مہارت رکھتی ہیں ۔
66