90

امریکہ میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون اور اس کی بیٹی کی میتیں پاکستان روانہ کر دی گئیں

نیویارک (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ کے ٹاؤن برینٹ وڈ میں پیش آئے ایک المناک واقعہ میں خاوند کے ہاتھوں قتل ہونے والی 33 سالہ مصباح بتول اور 2 سالہ کمسن بیٹی لائیزہ زنور کے جسد خاکی بروزمنگل، یکم اگست کو نیویارک سے پاکستان روانہ کر دئیے گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی مصباح بتول اور لائیزہ زنور کو پاکستان کے شہر چکوال میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کیا جائیگا۔

لانگ آئی لینڈ، نیویارک کے میڈیکل ایگزامینر کی جانب سے پوسٹ مارٹم سمیت ضروری کاروائی کے بعد منگل کے روز مقتولین کے جسد خاکی ان کے لواحقین کے سپرد کئے گئے جس کے بعد انہیں پہلے بروکلین کے مقامی فیونرل ہوم پہنچایا گیا۔ جہاں سے پھر انہیں نیویارک کے جان ایف کینڈی ائیرپورٹ سے ایک بین الاقوامی پرواز کے ذریعے پاکستان روانہ کر دیا گیا۔
امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نیویارک میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعہ پر غم زدہ ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز لانگ آئی لینڈ، نیویارک کے علاقے برنیٹ وڈ کے جیفرسن ایونیو پر واقع اپنے گھر میں 31 سالہ زنور جعفری نے اپنی اہلیہ 33 سالہ اہلیہ مصباح بتول اور 2 سالہ بیٹی لازیہ زنور کو چاقوں کے وار کر کے قتل کردیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں