تل ابیب (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) اسرائیل میں سینئر جنگی پائلٹس ، ایلیٹ کمانڈوز اور سائبر انٹیلی جنس ماہرین کے اپنے کمانڈروں کو احکامات نہ ماننے سے متعلق خطوط بھجوانے کے بعد فوجی بغاوت کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق اسرائیلی ڈیفنس فورس کے سینکڑوں اہلکاروں کے مابین فوج سے استعفے دینے سے متعلق بات چیت جاری ہے۔ اس سے قبل 180 ایئرفورس پائلٹس، ایلیٹ کمانڈوز سمیت دیگر نے کمانڈروں کو خطوط کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ اگر حکومت سپریم کورٹ کے اختیارات میں کمی کے منصوبے کو آگے بڑھائے گی تو وہ خدمات انجام نہیں دیں گے۔ اس سے قبل ایک درجن اہلکار فوج سے استعفے دے چکے ہیں۔
اسرائیلی آرمی چیف آف سٹاف برزی ہیلوی نے وزیر دفاع یوآو گیلنٹ سے ملاقات کر کے فوج میں بغاوت جیسی صورت حال سے آگاہ کیا، ریزرو فوج میں 4 ہزار سے زائد ایسے فوجی اہلکار ہیں جنہوں نے اعلیٰ حکام پر واضح کر دیا کہ وہ خدمات کی انجام دہی جاری نہیں رکھیں گے۔ خدشہ ہے کہ اسرائیلی فوج میں استعفوں کی تحریک مزید زور پکڑے گی۔