72

آئی فونز کے والیم بٹنز سے کیا کیا کام لیے جا سکتے ہیں؟


(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)
نیویارک آئی فون کے والیم بٹنزکو بیشتر صارفین آواز کم یا زیادہ کرنے کے لیے ہی استعمال کرتے ہیں۔ بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ آئی فون کے والیم بنٹز اس کے علاوہ بھی کئی فیچرز کے حامل ہیں۔ میل آن لائن نے ایک رپورٹ میں ان فیچرز کی فہرست بیان کی ہے:۔

تصویر بنانا
کیمرہ ایپ کھولنے کے بعد کوئی بھی والیم بٹن دبانے سے تصویر بن جائے گی۔

ہنگامی پیغامات بھیجنا
اگر آپ کو کوئی ہنگامی صورتحال درپیش ہے تو آپ اپنے آئی فون کا پاور بٹن اور کوئی ایک والیم بٹن دبائے رکھنے سے ایمرجنسی سروسز یا اپنے کسی دوست کو ہنگامی پیغام بھیج سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو سیٹنگز میں اس دوست کا فون نمبر مہیا کرنا ہو گا، جسے آپ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں میسج بھیجنا چاہتے ہوں۔

ویڈیو بنانا
تصویر کی طرح کیمرہ ایپ کھولنے اور اسے ویڈیو موڈ پر کرنے کے بعد کوئی بھی والیم بٹن دبانے سے ویڈیو ریکارڈنگ شروع ہو جائے گی۔

کاغذات سکین کرنا
بہت کم آئی فون صارفین جانتے ہوں گے کہ آئی فونز میں بلٹ ان سکینر موجود ہوتا ہے، جسے والیم بٹن کے ذریعے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے کیمرہ ایپ کھولیں اور والیم بٹن کے ذریعے متعلقہ کاغذ کی تصویر بنا لیں۔ آپ شٹر کا انتخاب کرکے کاغذ کے سائز کو متعین بھی کر سکتے ہیں۔

الارم کو وقتی طور پر بند کرنا
الارم بجنے پر آپ اگر کوئی بھی والیم بٹن دبا دیں تو الارم وقتی طور پر بند ہو جائے گا، یعنی ’Snooze‘ پر چلا جائے گا اور9منٹ بعد دوبارہ بجنے لگے گا۔

فیس آئی ڈی یا ٹچ آئی ڈی کو بلاک کرنا
سائیڈ لاک بٹن یا والیم بٹن کو دو سیکنڈز کے لیے دبا کر رکھیں۔ اس سے ایمرجنسی سروسز کو کال کرنے کی سکرین نمودار ہو گی۔ جونہی سلائیڈر ظاہر ہو، آپ سائیڈ بٹنز دبا کر فیس آئی ڈی یا ٹچ آئی ڈی کو لاک کر سکتے ہیں۔

جب آئی فون فریز ہو جائے۔۔۔
آئی فون فریز ہوجانے پر اسے بند کرکے دوبارہ آن کرنا پڑتا ہے۔ اگر آپ کا آئی فون فریز ہوتا ہے تو ایک بار ’ہارڈ ری سٹارٹ‘ کریں۔ ایسا کرنے کے لیے فون کو نارمل طریقے سے بند کریں اور پھر والیم کا اوپر کا بٹن دباکر رکھتے ہوئے اسے آن کریں۔ پھر اس بٹن کو چھوڑ کر یہی کام والیم ڈاﺅن بٹن کو استعمال کرتے ہوئے دوبارہ کریں۔

والیم بٹنز کو بند کرنا
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے آئی فون کے والیم بٹنز بند ہو جائیں اور کسی ایپلی کیشن یا میوزک وغیرہ پر کام نہ کریں تو سیٹنگز میں ایکسیسبلٹی کے آپشن میں جا کر’ گائیڈڈ ایکسیس‘کو آن کر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں