69

چینی وزیر خارجہ کو عہدے سے برطرف کردیا گیا

چین نے اپنے وزیر خارجہ چِن گینگ کو تقرری کے 7 ماہ سے بھی کم عرصے میں عہدے سے فارغ کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نئے وزیر خارجہ حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کے فارن افیئرز چیف وانگ ای ہوں گے، وہ پہلے بھی اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔

عہدے سے ہٹائے جانے والے 57 سالہ وزیر خارجہ چن گینگ کو آخری بار 25 جون کو عوامی سطح پر دیکھا گیا تھا جس کے بعد سے ان کا کچھ پتہ نہیں تھے، ان کی غیر حاضری پر وزارت خارجہ نے بھی چپ سادھ رکھی تھی جس نے قیاس آرائیوں کا جنم دیا تھا۔
چن گینگ کو گزشتہ برس دسمبر میں وزیر خارجہ تعینات کیا گیا تھا اور انہیں چینی صدر شی جن پنگ کا معتمد خاص سمجھا جاتا ہے۔

اس حوالے سے چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ’چین کے اعلیٰ ترین قانون ساز ادارے نے وانگ ای کو وزیر خارجہ مقرر کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے اور چن گینگ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔‘

چن گینگ کو عہدے سے ہٹائے جانے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی تاہم رپورٹس میں یہ کہا گیا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے چن گینگ کو فارغ کیے جانے کے فرمان پر دستخط کردیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں