148

پی سی بی نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریزمنسوخ کرنے کا اعلان کر دیا

لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیاہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز منسوخ کر دی گئی ہے ,نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے سیریز کو یکطرفہ طور پر منسوخ کر دیا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیاہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے ہمیں اطلاع دی گئی کہ انہیں کچھ سیکیورٹی الرٹس موصول ہوئے ہیں اور وہ یکطرفہ طور پر سیریز کو منسوخ کرنے جارہے ہیں ۔پی سی بی کا کہناتھا کہ پی سی بی اور حکومت پاکستان کی جانب سے دورہ کرنے والی تما م ٹیموں کیلئے فل پروف سیکیورٹی انتظامات کیئے گئے اور ہم نے نیوزی لینڈ کو بھی یہی یقین دہانی کروائی تھی ، وزیراعظم پاکستان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی رابطہ کر کے بتایا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسی دنیا کی بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی تھریٹ نہیں ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیاہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ہمراہ سیکیورٹی آفیشلز حکومت پاکستان کی جانب سے کیئے جانے والے سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن تھے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ شیڈول میچز کروانے کیلئے تیار ہے ، تاہم پاکستان سمیت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو اس اچانک منسوخی کے فیصلے پر مایوسی ہو گی ۔نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوزکی جانب سے کچھ دیر قبل یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد میچ منسوخ کر دیا گیاہے لیکن پی سی بی کی جانب سے پریس ریلیز سامنے آنے کے بعد کورونا کے باعث سیریز منسوخ ہونے کی افواہیں دم توڑ گئیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں