94

پی آئی اے کو تیل کی فراہمی کا معاہدہ طے، پروازوں کا درہم برہم شیڈول بحال ہونا شروع

کراچی (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) قومی ائیر لائن پی آئی اے کو گزشتہ روز سے رکے ہوئے ایندھن کی فراہمی شروع کردی گئی جس کے بعد پروازوں کی روانگی کا آغاز ہو گیا ہے۔

ایندھن کی عدم فراہمی اور انتظامی مسائل کی وجہ سے پی آئی اے کا شیڈول شدید متاثر ہوا تھا جس کے سبب ملکی و غیر ملکی 19 پروازیں منسوخ ہوئیں تھی جب کہ 20 سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازوں کی روانگی میں غیر معمولی تاخیر ہوئی۔

تاہم اب ترجمان پی آئی اے کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ آج صبح قومی ائیر لائن کو فیول کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے جس کے بعد مختلف ائیرپورٹس پر رکی ہوئی پروازوں کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل سے یومیہ بنیادوں پر فیول کی فراہمی کا معاہدہ ہو گیا ہے جس کے تحت پی آئی اے روزانہ 10 کروڑ روپے کی ادائیگی کرے گی اور اسی حساب سے فیول کی فراہمی ہوجائے گی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ فیول کی فراہمی کے بعد گزشتہ رات سے لاہور میں رکی پرواز پی کے 307 کراچی روانہ ہوگئی ہے جب کہ اسلام آباد میں رات سے رکی ہوئی پرواز پی کے 309 بھی کراچی روانہ کی جا رہی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں