42

پنجاب،کے پی اور کشمیر میں شدید بارشیں، حادثات میں 17 افراد جاں بحق

پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بیشتر علاقے بارش کی لپیٹ میں ہیں جب کہ گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بارشوں سے متعلق 24 گھنٹوں کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق پنجاب میں بارشوں سے مختلف حادثات میں17 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گوجرانوالہ میں 6، لاہور 4 ، شیخوپورہ،اورچکوال میں3 ،3 ،جھنگ اور فیصل آباد میں ایک ایک شخص کی ہلاکت ہوئی جب کہ مختلف حادثات میں 49 افرادزخمی ہوگئے۔محکمہ موسمیات نے کل سے 10 جولائی تک دریائے چناب، ستلج اور راوی سے متصل علاقوں میں تیزبارش کی پیش گوئی ہے، شدید بارشوں سے مشرقی دریاؤں میں پانی کا بہاؤبڑھنے لگا ہے جب کہ نشیبی علاقے زیرآب آنےکاخدشہ ہے، تیز بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کاخطرہ ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش شروع

دوسری جانب صبح سویرے راولپنڈی اور اسلام آباد کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش شروع ہوئی۔

ادھر مظفر آباد شہر اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش جاری ہے جب کہ چلاس شہر اور مضافات میں بارش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں