296

ورلڈکپ کی ناقابل شکست ٹیم بھارت کیلئے بری خبر


(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)
آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں اب تک کی ناقابل شکست ٹیم بھارت کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے حوالے سے ایک اور بری خبر سامنے آئی ہے۔

کچھ روز قبل بنگلا دیش کیخلاف میچ میں انجری کا شکار ہونے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سے متعلق خبر سامنے آئی تھی کہ ہاردک تاحال مکمل فٹ نہیں ہو سکے ہیں لہٰذا ہاردک پانڈیا کی انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھی شرکت مشکوک بتائی گئی تھی۔

اب بھارتی میڈیا پر خبریں سامنے آئی ہیں ہاردک کو معمولی چوٹ کا سامنا بھی ہے جس کے باعث بھارتی آل راؤنڈر انگلینڈ کے میچ کے ساتھ ورلڈکپ کے مزید 3 میچز میں بھی شرکت نہیں ہو سکیں گے۔

دوسری جانب بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ ہاردک پانڈیا کا متبادل لانے کے بجائے ورلڈکپ کے اہم میچز کیلئے ہاردک کا انتظار کرنے کو تیار ہے۔

واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا انجری کے باعث اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے جبکہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ 29 اکتوبر کو لکھنؤ میں شیڈولڈ ہے۔

بھارت ورلڈکپ میں اب تک پانچ میچز میں فتح کے بعد پوائٹنس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں