429

فلسطین کی آزادی کی جنگ کو دہشت گردی سے جوڑنا نادانی ہے، آرمی چیف

اسلام آباد (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی افواج کے فلسطین پر طاقت کے استعمال کو روکے، فلسطین کا دارالحکومت القدس الشریف ہے اس کی آزادی کی جنگ کو دہشت گردی سے جوڑنا نادانی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع سے ملاقات کی اور غزہ میں جاری جنگ میں فلسطینیوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ جنگ میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں پر تشدد اور اندھا دھند ہلاکتوں پر گہری تشویش ہے، شہری آبادی، تعلیمی و امدادی کارکنوں، اسپتالوں پر مسلسل حملے قابل مذمت ہیں، غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی انسانیت کے خلاف صریح جرائم ہیں۔
آرمی چیف نے 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہونے والی آزاد ریاست فلسطین کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ فلسطین کا دارالحکومت القدس الشریف ہے، غزہ میں تشدد کی تازہ لہر جبر، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ریاستی سرپرستی میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا نتیجہ ہے، اس جنگ کو دہشت گردی سے جوڑنا نادانی ہوگی۔

آرمی چیف نے کہا کہ اس نازک موڑ پر یہ ضروری ہے کہ بین الاقوامی برادری اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی طرف سے طاقت کے غیر متناسب اور غیر قانونی استعمال کی وجہ سے رونما ہونے والے انسانی المیے کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے متحرک ہو، انسانی حقوق کی ان صریح خلاف ورزی میں مظالم کو جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرنے سے باز رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں