73

عمران خان کی اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنانے کی سخت مخالفت

اسلام آباد ( ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک ۔ 24 جولائی 2023ء) سابق وزیراعظم عمران خان نے اسحاق ڈار کو بطور نگراں وزیراعظم قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آج کوئٹہ وکیل قتل کیس میں ریلیف حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ پیش ہوئے۔سپریم کورٹ پیشی کے موقع پر انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔عمران خان سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپکو یہاں کوئی ریلیف مل سکتا ہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عدالت نے بلایا تھا تو پیش ہو گیا ہوں،ہمیں انصاف کی بہت توقع ہے۔
عمران خان نے بیک ڈور رابطوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بیک ڈور کسی سے رابطہ نہیں۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنائے جانے سے متعلق سوال پر چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنانا بڑا مذاق ہو گا،ایسے کسی فیصلے کو قبول نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ وکیل قتل کیس میں عدالت نے عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔

سپریم کورٹ میں وکیل قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نامزدگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان کو 9 اگست تک ریلیف دے دیا۔ سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیا،عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان 9 اگست کو دوبارہ پیش ہوں۔ کیس کی سماعت شکایت کنندہ کی درخواست پر 9 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔ دوسری جانب وکیل قتل کیس کی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی گئی۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف آرٹیکل 6 کی درخواست دینے پر وکیل کو دھمکیاں دی گئیں،تحقیقات کے دوران وزرات داخلہ کی جانب سے 7 رکنی جے آئی ٹی بنائی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں