86

صدر90روز میں الیکشن کرانے کی تاریخ دینے کا پابند ہے،لاہور ہائیکورٹ کے حلقہ بندیوں کیخلاف درخواست پر ریمارکس

لاہور(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)لاہور ہائیکورٹ میں نئی حلقہ بندیوں کے نوٹیفکیشن کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس عابد عزیز شیخ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ 90دن میں الیکشن ہونا آئینی ضرورت ہے، صدر90روز میں الیکشن کرانے کی تاریخ دینے کا پابند ہے،کوشش ہونی چاہئے کہ 90دن کے اندر ہی الیکشن ہوں۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں نئی حلقہ بندیوں کے نوٹیفکیشن کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس عابد عزیز شیخ نے شہری کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت جسٹس عابد عزیز شیخ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ 90دن میں الیکشن ہونا آئینی ضرورت ہے، کوشش ہونی چاہئے کہ 90دن کے اندر ہی الیکشن ہوں،میں الیکشن کی تاریخ پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کررہا ہوں،اگر جون میں مردم شماری ہو گئی تھی تواسے دو ماہ تک منظور کیوں نہیں کیا گیا،اس سوال کا جواب آنا چاہئے۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے کہاکہ 4ماہ میں نئی حلقہ بندیاں ناممکن ہے، عدالت نے کہاکہ صدر90روز میں الیکشن کرانے کی تاریخ دینے کا پابند ہے،وکیل وفاقی حکومت نے کہاکہ مردی شماری کے بعد حلقہ بندیاں ضروری ہیں اور یہی معاملہ سپریم کورٹ میں بھی جاچکا ہے۔

عدالت نے کہاکہ آپ آئندہ اس حوالےسےہدایات لیکرپیش ہوں،عدالت نے الیکشن کمیشن ، وفاقی حکومت اور دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 6ستمبر تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں