85

شہبازشریف نے ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کردی

اسلام آباد (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے منرل سمٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ اب کوئی آپشن نہیں رہ گئی ہے۔ پاکستان جوہری طاقت ہے تاہم یہ طاقت کسی کے خلاف استعمال کے لیے نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسیوں کو سمجھنا چاہیے کہ امن کے ساتھ رہا جائے اور مسائل کے حل کے لیے بامقصد مذاکرات کیے جانے چاہئیں۔ غربت کے خلاف اور عوام کے مفاد کے لیے کام کرنا چاہیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی کرپشن کو نظر انداز کیا گیا۔ نیب لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتی رہی، بدقسمتی سے معاشرہ تقسیم ہوچکا ہے۔ لوگوں کے ذہنوں میں زہر گھول دیا گیا ہے۔ کیا اس صورتحال میں ملک کی ترقی کے لیے کام کیا جاسکتا ہے اس کا جواب نہیں ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ تھر کول دنیا کے بڑے کوئلے کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ریکوڈک کا منصوبہ ملک کی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ گزشتہ 75 سال میں ہم نے اپنی قیمتی دولت پر توجہ نہیں دی۔ کیا ہم کسی کارٹیل یا سیاسی وجوہات کی بنا پر تذبذب کا شکار تھے ۔ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے۔ باتیں بہت ہوگئیں اب ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں