141

سپریم کورٹ؛ شہری کی تنخواہ ہڑپ کرنے والے ملزمان کی درخواست ضمانت خارج

اسلام آباد(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)سپریم کورٹ نے شہری کی تنخواہ ہڑپ کرنے والے ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کردی۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم کے دو ملازمین نے اینٹی کرپشن کے مقدمہ میں ضمانت کیلئے درخواست دائر کی تھی،سپریم کورٹ کے جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مسرت ہلالی نے سماعت کی۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہاکہ افسوس ہے کہ محکمہ تعلیم پنجاب کا یہ حال ہے،جسٹس سردار طارق مسعود نے کہاکہ غریب سے زیادتی ہوئی، سیلری ہڑپ کرلی پھر مزید پیسے بھی لے لئے، سرکاری وکیل نے کہاکہ ملزم نے مدعی کو سرکاری سکول میں چوکیدار کی نوکری دلوائی،ایک سال ملزم اس چوکیدار کی سیلری اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرواتا رہا،ساتھی ملزم کے ساتھ ملکر سیلری دلوانے کیلئے مزید70ہزار روپے مانگے،چوکیدار نے بیوی کا زیور بیچ کر مزید رقم ملزمان کو دے دی،نئی پرنسپل نے تحقیقات کروائیں تو پتہ چلا ملزم کے اکاؤنٹ میں سیلری آتی رہی۔
عدالت نے شہری کی تنخواہ ہڑپ کرنے والے ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کردی، ایک ملزم کی درخواست ضمانت عدم پیروی پر دوسرے کی وکلا کے دلائل کے بعد خارج ہوئی۔

یاد رہے کہ ملزمان کیخلاف اینٹی کرپشن پنجاب نے فراڈ کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں