ریاض ( ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک ۔ 18 جولائی 2023ء ) سعودی عرب میں سیاحوں کی آمد کئی گنا بڑھنے کے بعد عسیر کے المسقی پارک میں سیاحوں کی سالانہ آمد 10 لاکھ تک پہنچ گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے علاقے عسیر میں واقع سرسبز المسقی پارک کو سیاحوں کی جنت کہا جاتا ہے، اس کی قدرتی خوبصورتی اور پرسکون ماحول سیاحوں کے لیے غیرمعمولی کشش رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ 2023ء کے دوران اب تک سعودی عرب کے محکمہ سیاحت کی جانب سے رواں سال کے سیاحتی سیزن میں جن مقامات کو سیاحت کے لیے مختص کیا گیا ہے ان میں المسقی پارک بھی شامل ہے، جہاں کا ٹھنڈہ موسم، پرفضا ماحول، تازہ ہوا اور دلکش قدرتی نظارے سیاحوں کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ فوٹوگرافر خالد ابو منصور نے حال ہی میں المسقی پارک کا دورہ کیا اور اس مقام کی عکس بندی کو سوشل میڈیا کے ذریعے عام لوگوں تک پہنچایا، اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ سائٹ خوبصورتی سے بھری ہوئی ہے جو چھٹیاں گزارنے والوں اور فطرت سے محبت کرنے والوں کو اپنی طرف راغب کرتی ہے، یہ اہم جگہ قدرتی پارکوں میں سے ایک ہے، یہ پارک ایک وسیع علاقے پر پھیلا ہوا ہے، ابہا گورنری سے اس کا فاصلہ تقریبا 50 کلومیٹر ہے، سال بھر اس کا موسم متعد رہتا ہے، اس میں مختلف چٹانوں پر نقوش بھی موجود ہیں، شدید بارش کے علاوہ کسی بھی وقت اس میں کیمپ لگانا ممکن ہے، اس کے اندر کئی خدمات دستیاب ہیں جب کہ بچوں کے کھیل کود کے لیے الگ جگہیں مختص کی گئی ہیں۔