(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے 21 اکتوبر کی تیاریوں کے حوالے سے عوام کے جوش و خروش پر اطمینان کا اظہار کردیا۔
لاہور میں رانا ثناء اللّٰہ کی زیر صدارت نواز شریف کی آمد کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس ہوا، ن لیگی رہنما نے 21 اکتوبر کی تیاریوں اور عوام کے جوش و خروش پر اظہار اطمینان کیا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں 8 اکتوبر کو ہونے والا عظیم الشان جلسہ نواز شریف کے استقبال کا ٹریلر تھا،21 اکتوبر کا دن پاکستان کی خوشحالی، ترقی اور عام آدمی کی مشکلات سے آزادی کا دن ہوگا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ عوام نواز شریف کی واپسی کو اپنے اچھے دنوں کی واپسی سے تعبیر کرتے ہیں، 21 اکتوبر کو عوام ن لیگی قائد سے اپنی محبت اور اعتماد کا ایک مرتبہ پھر اظہار کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت ایک ہی ایسا لیڈر ہے جو ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت اور منشور رکھتا ہے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پہلے بھی ہمیشہ کر دکھایا تھا، ایک بار پھر ملک کو مہنگائی، غربت اور مشکلات سے نجات دلوائیں گے۔