100

حکومتی مدت 14 اگست کو ختم،قوم دعا کرے آئی ایم ایف پروگرام منظور ہو جائے،شہبازشریف

اسلام آباد(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہوجائےگی، الیکشن اکتوبر، نومبر میں جب بھی ہوں گے الیکشن کمیشن اس کا اعلان کرے گا۔انہوں نے پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور قومی نصاب میں اصلاحات کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی حکومت عوام کے ووٹوں سے آئے وہ تعلیم کو پہلی ترجیح دے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آئی ایم ایف کے بورڈ کی میٹنگ ہے، قوم دعا کرے آئی ایم ایف پروگرام منظور ہو جائے، یہ لمحۂ فخریہ نہیں لمحۂ فکریہ ہے، ہمسائیہ ممالک ہم سے کہیں آگے نکل گئے ۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تعلیم کے ذریعے دنیا نے ترقی کی، 2008ء میں پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا آغاز کیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ وظائف سے ہزاروں غریب طلباء نے اپنی تعلیم مکمل کی، ہمیشہ تعلیمی وظائف کو بڑھانے کی کوشش کرتا رہا ہوں، آئندہ جو بھی حکومت آئے تعلیمی وظائف کی رقم میں اضافہ کرے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ مشکل دور بہت جلد گزر جائے گا، پاکستان مستحکم ہو گا، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈز پر ملک بھر کے طلباء کا حق ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ملک کی لاکھوں بچیاں کم وسائل کے باوجود اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کوشاں ہیں، وظائف کے لیے کم ترقی یافتہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے، وقت آ گیا ہے کہ تعلیم پر مکمل توجہ دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں