55

جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس ؛پرویز الٰہی کے مزید 10روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا

اسلام آباد(ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک)جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں پراسیکیوٹر جنرل نے پرویز الٰہی کے مزید 10روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق انسداددہشتگردی عدالت اسلام آباد میں پرویز الٰہی کیخلاف جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،پرویز الٰہی کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا،انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی،پراسیکیوٹر نے مزید 10روزہ جسمانی ایمانڈ کی استدعاکردی۔

عدالت نے استفسار کیا پہلے کتنے دن کا جسمانی ریمانڈ ہوا تھا؟پراسیکیوٹر نے کہاکہ پہلے 2روزہ جسمانی ریمانڈ ہوا تھا،وکیل سردار عبدالرزاق نے کہاکہ ایف آئی آر میں پرویز الٰہی کا نام نہیں ہے، واقعہ کے وقت پرویز الٰہی پی ٹی اائی کا حصہ نہیں تھے،اپریل میں پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی کو جوائن کیا، پرویز الٰہی سیاسی انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں،وکیل صفائی نے کہاکہ ہائیکورٹ نے کہاکہ پرویز الٰہی کیخلاف سیاسی کیس بنایا گیا ، ڈسچارج کیا جائے،پرویز الٰہی کو ڈسچارج کرنے کے بجائے گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں نامزد کر دیا گیا،گوجرانوالہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے بھی کہا کیس کچھ نہیں ، ڈسچارج کیا جاتا ہے۔

پرویز الٰہی کے وکیل نے ہائیکورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کا ایم پی او آرڈر معطل کردیاتھا،لاہورہائیکورٹ نے واضح حکم دیا کسی اور کیس میں گرفتار نہ کیا جائے، لاہور پولیس کو حکم ہوا سکیورٹی دیکر گھر پہنچایاجائے،سردارعبدالرزاق نے کہاکہ راستے میں اسلام آباد پولیس پہنچ گئی اور انہیں اغوا کیاگیا،پرویز الٰہی کو لاہور سے اسلام آباد لایا گیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی گرفتاری کا حکم معطل کیا،پھر پولیس لائن سے نکلتے ہوئے اس کیس میں گرفتار کرلیاگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں