لاہور نیوزی لینڈ نے اچانک سیکیورٹی تحفظات کا بہانہ بنا کر کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کردیا جس پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ’جتنی ہم نے سیکیورٹی دی اتنی تو نیوزی لینڈ کی فورس بھی نہیں۔‘ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ شیخ رشید نے کچھ غلط بھی نہیں کہا۔
نیوزی لینڈ کی وزارت دفاع کے مطابق ملک کی مجموعی فورسز کی تعداد 12 ہزار 424 ہے۔ ان میں سے نو ہزار 723 ریگولر جب کہ 2701 ریزرو اہلکار ہیں۔ نیوزی لینڈ کی بری فوج 4848، فضائیہ 2541 اور نیوی 2334 اہلکاروں پر مشتمل ہے۔دنیا کی فوجی طاقتوں کا موازنہ پیش کرنے والی ویب سائٹ گلوبل فائر پاور کے مطابق فوجی طاقت کے حوالے سے 140 ممالک میں سے نیوزی لینڈ کا نمبر 84 واں ہے۔ اس کی فضائیہ کے پاس مجموعی طور پر 47 طیارے و ہیلی کاپٹر ہیں جن میں کوئی بھی بمبار یا لڑاکا طیارہ شامل نہیں ہے۔ نیوزی لینڈ کے پاس 22 ہیلی کاپٹر، 12 ٹریننگ کے طیارے، سات ٹرانسپورٹ کے طیارے اور چھ سپیشل مشنز کے طیارے ہیں۔نیوزی لینڈ کی چھوٹی سی آرمی کے پاس کوئی ٹینک تک نہیں ہے۔ نیوزی لینڈ کی فوج کے پاس کل 435 گاڑیاں اور 24 آرٹلری ہیں۔نیوزی لینڈ جزیرے پر مشتمل ملک ہے جس کی بحریہ کا یہ حال ہے کہ اس کے مجموعی اثاثوں کی تعداد صرف 11 ہے۔ کیوی بحریہ کے پاس نہ تو کوئی ایئر کرافٹ کیریئر ہے اور نہ ہی کوئی ڈسٹرائر ہے۔ اس کے پاس چار پٹرولنگ کی کشتیاں اور صرف دو فریگیٹس ہیں۔اگر نیوزی لینڈ کی ساری فوجی طاقت کا حال دیکھا جائے تو شیخ رشید کا یہ دعویٰ کہ ’جتنی ہم نے سیکیورٹی دی اتنی تو نیوزی لینڈ کی فورس بھی نہیں‘ کچھ غلط نہیں لگتا۔
178