418

برطانوی حکومت کا پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کو اپنے ملک میں پناہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (ڈیلی اردو نیوز نیٹ ورک) برطانوی حکومت نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو اپنے ملک میں پناہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے مخصوص تعداد کو خصوصی پروازوں کے ذریعے افغان باشندوں کو لندن منتقل کیا جائے گا۔
برطانوی ہائی کمیشن کے خصوصی وفد نے پروازوں کے حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سینئر حکام سے ملاقات کی ہے،ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کی قیادت پولیٹیکل قونصلر ذوئی وئیر جبکہ سول ایوی ایشن سینئر حکام کی قیادت ڈائریکٹر سکیورٹی ایئر کموڈور (ر) شاہد قادر نے کی۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمیشن اور سول ایوی ایشن حکام نے افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ منتقلی کے لئے پروازوں کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔

ڈائریکٹر سکیورٹی سول ایوی ایشن نے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کا خصوصی پیغام برطانوی ہائی کمیشن وفد کو پہنچایا۔ اس موقع پر اے این ایف، ایف آئی اے، کسٹمز، اے ایس ایف اور پی آئی اے کے نمائندے بھی موجود تھے ۔

برطانوی وفد کی سربراہ نے کہا کہ برطانوی حکومت افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ منتقلی کے لئے خصوصی پروازوں کے حوالے سے تعاون فراہم کرنے پر پاکستان سول ایوی ایشن کی شکرگزار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں