223

امریکی فوج کے مکمل انخلاءکا اعلان ہوتے ہی طالبان اور افغان فورسز میں جھڑپیں شروع، پریشان کن خبر آگئی

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں امریکی فوج کے مکمل انخلاءکا اعلان ہوتے ہی طالبان اور افغان فورسز میں جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ الجزیرہ کے مطابق گزشتہ دنوں طالبان نے صوبہ ہلمند میں حملہ کیا جسے افغان سکیورٹی فورسز نے طویل جھڑپ کے بعد ناکام بنا دیا۔ ہلمند کی صوبائی کونسل کے سربراہ عطاءاللہ افغان نے بتایا ہے کہ طالبان نے پیر کے روز کئی اطراف سے حملہ کیا۔ انہوں نے ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ کے مضافات میں چیک پوائنٹس اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا اور ان میں سے بعض پر قبضہ بھی کر لیا۔عطاءاللہ افغان کا کہنا تھا کہ ”افغان سکیورٹی فورسز نے طالبان پر فضائی اور زمینی حملے کیے اور انہیں پسپا ہونے پر مجبور کردیا۔ افغان فورسز اور طالبان کے درمیان منگل کے دن تک لڑائی جاری رہی، جس کے نتیجے میں سینکڑوں خاندان بے گھر ہو گئے۔ لشکر گاہ کے مضافات کے رہائشی ملا جان نامی شخص نے بتایا کہ ”افغان فوج اور طالبان اس لڑائی میں بھاری ہتھیاروں کی فائرنگ، گولہ باری اور دھماکوں کا ایک طوفان آیا ہوا تھا۔ ایسے میں چھوٹے ہتھیاروں کی آوازیں ایسی سنائی دیتی تھیں جیسے کوئی پاپ کارن بنا رہا ہو۔ میں اپنے تمام فیملی اراکین کے ساتھ گھر کے کونے میں موجود ایک کمرے میں چلا گیا اور لڑائی ختم ہونے تک ہم وہیں دبکے بیٹھے رہے۔“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں